کاروار28 جون (ایس او نیوز) راشن کارڈ کے ذریعے سبسیڈی پر غذائی اجناس حاصل کرنا ہو توراشن کارڈ کو آدھار کارڈ کے ساتھ جوڑنا لازمی ہے اور یہ کام 30 جون سے پہلے مکمل کرنا ہے۔ اس بات کی اطلاع اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکوُل نے دی۔ انہوں نے کم ازکم فیملی کے کسی ایک ممبر کو جن کا نام راشن کارڈ میں درج ہے، اپنے فیملی کے سبھی ممبران کے آدھار کارڈ کے نقول کے ساتھ جلد ازجلد راشن کارڈ دکان پہنچ کر اس کام کی تکمیل کرنے کی اپیل کی۔
ایس ایس نکول نے بتایا کہ ضلع میں 2,64,502 راشن کارڈ ہولڈرس ہیں جس میں سے 2,47,083 راشن کارڈ ہولڈروں نے ادھار کے ساتھ راشن کارڈ کو جوڑنے کا کام مکمل کیا ہے،اب تک %93 عوام نے اپنا آدھار کارڈ نمبر فراہم کیا ہے اور%73 کام مکمل ہوچکا ہے، اب جن لوگوں نے ابھی تک یہ کام نہیں کیا ہے، اُن کے لئے ضروری ہے کہ وہ فوری اپنے اپنے راشن کارڈ دکانوں میں پہنچ کر اگلے دو دنوں کے اندر یعنی 30 جون تک یہ کام مکمل کرے۔
ایس ایس نکول نے بتایا کہ اب تک جن لوگوں نےآدھار کارڈ بنایا ہی نہیں ہے، اُن کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلی فرصت میں آدھار رجسٹریشن سینٹروں میں پہنچ کر آدھار کارڈ کی درخواست دیں۔ ضلع کے تحصیلدار آفس سمیت نیمدی کیندرا میں آدھار کارڈ بنانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں 21 موبائل آدھار کٹس کی بھی سہولیات فراہم کی گئی ہے۔ یہ موبائل کٹس اُن گرام پنچایت علاقوں کے لئے فراہم کی گئی ہے جہاں آدھار رجسٹریشن کاکام کثیر تعداد میں التوا میں پڑا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ بی پی ایل راشن کارڈ ہولڈروں کو ماہانہ کافی راشن مفت دیا جاتا ہی ہے، مگر اے پی ایل راشن کارڈ ہولڈروں کے لئے بھی حکومت کی جانب سے غذائی اجناس میں سبسیڈی دی جاتی ہے، یہ بھی بتاتے چلیں کہ بالخصوص بھٹکل کے اکثر مسلم عوام سبسیڈی کے ذریعے حاصل ہونے والے غذائی اجناس راشن دکانوں میں پہنچ کر حاصل ہی نہیں کرتے۔